دینہاہم خبریں

فواد چوہدری کا نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے قائد مسلم لیگ(ن) نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دیدیتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی اس وقت جو سیاسی پوزیشن ہے، میرے خیال میں تمام سیاسی جماعتیں اگر بیٹھ کر خود آپس میں بات کرلیں تو بہتر ہے۔

ایک انٹرویو میں ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا ایک سیاسی کردار رہا ہے تاہم سیاسی جماعتوں کو میچیورٹی دکھانی چاہیے، اگر سیاسی جماعتیں ایسا نہیں کرتیں تو اسٹیبلشمنٹ کو کرنا چاہیے لیکن آئیڈیل حالات سیاسی جما عتو ں کا آپس میں ہی فریم ورک ترتیب دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شہباز شریف پر منحصر ہے کیو نکہ اسوقت وہ وزیراعظم ہیں، ان کا کام ہے کہ وہ انتخابات کا اعلان کریں اور سیاسی جماعتوں کو بیٹھنے کی دعوت دیں تو ظاہر ہے بات چیت شروع ہو جائے گی۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی 2 صوبوں میں اپنی حکومت ہے، بلوچستان میں اتحادی حکومت ہے اور سندھ میں پی پی کی حکومت ہے، اگر آپ نے چاروں صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرنا ہے تو بھی آپ کو فریم ورک ترتیب دینا ہوگا وہ تو پھر بات چیت سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے ہم عدالت سے رجوع کریں گے اور جو جعلی حلف نامہ شہباز شریف کی جانب سے جمع کروایا گیا ہم اس پر بھی کارروائی کیلئے کہہ سکتے ہیں کیونکہ یہ ایک جرم ہے۔

بعداز اں سماجی رابطوں کی ویب سایٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے لکھا کہ فاشسٹ حکومت الیکشن کمیشن کو استعمال کر کے سپریم کورٹ کے اختیارات محدود کرنا چاہتی ہے، پورا اسلام آباد اسوقت ایک محصور شہر کا منظر پیش کر رہا ہے۔ اس حکومت سے نجات میں ہی پاکستان کی نجات ہے، عوام پنجاب کے بعد اب اسلام آباد کو بھی آزاد کرانے کیلئے تیار ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button