جہلم

ضلع جہلم میں عشرہ محرم الحرام انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ پرامن طور پر اختتام پذیر

جہلم: ضلع بھر میں عشرہ محرم الحرام انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد عامر خان نیازی ، ڈپٹی کمشنر کامران خان کی مو ثر حکمت عملی اور بھرپور کمانڈ اینڈ کنٹرول کی بدولت ضلع بھرمیں عشرہ محرم الحرام بخیریت اور پر امن طور پر اختتام پذیر ہوا، محرم الحرام کے ضمن میں ہونے والی مجالس اور جلوسوں میں فول پروف سیکورٹی اور دیگر انتظامی امور کو یقینی بنا کر ضلع جہلم میں امن اور سلامتی کو فروغ دینے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا اہم کردار رہا ہے ۔

مختلف مکتبہ فکر سے علماء اکرام نے امن کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کیا افسران سمیت علماء کرام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ علماء اکرام، سول سوسائٹی، امن کمیٹی کے ممبران آئندہ بھی مثبت سرگرمیاں جاری رکھیں گے ۔باہم کوآرڈینشن سے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے میں سب کا حصہ شامل ہے ۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کامران خان نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے تمام طبقہ ہائے فکر کے علماء نے امن کی فضا کو قائم رکھنے میں اپنا قردار ادا کیا ہے ۔ محرم الحرام کے دوران اتحاد بین المسلمین برقرار رکھنے کیلئے تمام مسالک کے اکابرین کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز عشرہ محرم الحرام کا اہم ترین دن تھا، تمام جلوس عزاداری و مجالس ہائے بخیرو خوبی انجام پائے ۔ تمام اداروں بشمول پاک آرمی، ضلعی انتظامیہ ، پولیس، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے ، ضلعی امن کمیٹی، لوکل گورنمنٹ ، سول ڈیفنس، محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور دیگر تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا اور معاشرے کے تمام مکاتب فکر بشمول تمام مسالک کے علمائے کرام، عوامی نمائندگان اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندگان نے اپنے اپنے انداز میں مثبت رپورٹنگ کی جو خراج تحسین کے لائق ہیں ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد عامر خان نیازی نے کہا کہ یہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے اور اس کامیابی کا سہرہ سیاسی ، سماجی ، رفاعی ، فلاحی ، مذہبی ، صحافتی ، سرکاری اداروں سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور میری ٹیم کے تمام معزز اراکین اور بالخصوص ڈپٹی کمشنر کامران خان اور ضلعی اداروں کے افسران اور ملازمین کی شب و روز محنت کا نتیجہ ہے ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد عامر خان نیازی ، ڈپٹی کمشنر کامران خان نے کہا ہے کہ ہم ضلع جہلم کے غیور عوام کے شکر گزارہیں اور امید کرتے ہیں کہ ضلع جہلم کے عوام اسی جذبہ اور جانفشانی کے ساتھ اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے تاکہ ضلع بھر میں امن و سکون قائم رہ سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button