سوہاوہ

سرجلال خان ویلفیئر کونسل کے وفد کی راجہ یاور کمال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات

سوہاوہ: یونین کونسل پیل بنے خان کی فعال سماجی تنظیم سرجلال خان ویلفیئر کونسل کے وفد نے جنرل سیکریٹری راجہ تسلیم احمد کیانی کی قیادت میں ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری پنجاب راجہ یاور کمال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

سابق ناظم یونین کونسل لہڑی راجہ شاہد عزیز کیانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد میں سیکریٹری اطلاعات راجہ رضوان افضل کیانی، خورشید کیانی و دیگر بھی شامل تھے۔

ملاقات میں انھیں سر جلال خان ویلفیئر کونسل کے صدر چوہدری لیاقت علی آف جھرنا کی ناگہانی وفات پر مورخہ 16 جنوری بروز اتوار منعقد ہونے والے تعزیتی ریفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے لئے خصوصی دعوت دی گئی جو انھوں نے قبول کرتے ہوئے اپنی شرکت کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں علاقائی مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔

وفد نے راجہ یاور کمال کو سوہاوہ کورونٹہ روڈ کی خستہ حالی سے آگاہ کیا جس پر انھوں نے سڑک کی نئے سرے سے تعمیر کی یقین دہانی کراتے ہوئے اگلے مالی سال میں کروانے کی حامی بھری جبکہ فوری ضروری مرمت کے لئے اسی وقت ڈپٹی کمشنر جہلم کو فون کر کے ماڑی پیٹرولیم کی طرف سے ملنے والی مالی گرانٹ سے یہ کام مکمل کرنے کے لئے کہا اور ڈی سی صاحب نے عملدرآمد کا وعدہ کیا۔

انہوں نے گاؤں کورونٹہ میں گلیوں کے باقی ماندہ کام جلد مکمل کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ سر جلال خان میں سپورٹس سٹیڈیم اور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لئے بھی سر جلال خان ویلفیئر کونسل کے ساتھ بھرپور تعاون کا وعدہ کیا اور یقین دلایا کہ بہت جلد وہ صوبائی وزیر سپورٹس پنجاب سے اس سلسلے میں تفصیلی بات کریں گے۔

سر جلال خان کارپٹنگ روڈ کی تعمیر، تاریخی تالاب کی کھدائی و مرمت اور دربار شاہجہان چشتی کے مزار سے ملحقہ لنگر خانہ کی نئے سرے سے تعمیر، دربار کے احاطہ کو وسیع کرنے اور تاریخی مسجد مائی منگو رانی کی مرمت و کشادگی جیسے بڑے کاموں پر ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب راجہ یاور کمال کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button