سوہاوہ

مون سون شجر کاری کے بارے میں آگاہی مہم کے سلسلہ ادارہ پودا کی جانب سے تقریب کا انعقاد

سوہاوہ: 75ویں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر ادارہ پودا پاکستان نے ڈسٹرکٹ چکوال میں سالانہ شجر کاری مہم کے تحت ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں ضلع چکوال، راولپنڈی اور اٹک کی 5یونین کونسل کے 10 گاؤں کے 100 شرکاء نے شرکت کی۔

اس میں کسان خواتین،مرد،یوتھ،ضمیر اختر گرلز ایلیمنٹری سکول ناڈہ مغلاں کے بچیوں/بچوں،ڈسٹرکٹ محکمہ جنگلات چکوال، تحقیقاتی ادارہ برائے تحفظ آب و اراضی، محکمہ جنگلات راولپنڈی ڈویژن کے ریٹائر آفیسر نے شرکت کی۔

اس تقریب میں دیہی کسان خواتین، مرد، نوجوانوں اور سکول کے طلباء کو مون سون کی شجر کاری مہم کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔ محکمہ جنگلات چکوال کے محمد یاسر نے شرکاء کو پودوں کی افادیت، حفاظت اور نشوونما کے بارے میں بتایا اور پودے لگانے کے بعد ان کی افزائش اور دیکھ بھال کے بارے میں بتایا۔

ڈاکٹر رفعت بی بی جن کا تعلق تحقیقاتی ادارہ برائے تحفظ آب و آراضی چکوال سے تھا۔ انھوں نے شرکاء کو بتایا کہ کیسے پودوں کی مدد سے زمینی کٹاؤ کو روکا جا سکتا ہے اور مقامی ماحول سے مطابقت رکھنے والے پودوں اور ان کی افزائش پر شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے۔

سخی محمد محکمہ جنگلات راولپنڈی ڈویژن کے ریٹائر آفیسر نے قدرتی کھاد کی تیاری اور پودے لگاتے وقت اہم ہدایات کومد نظر رکھنے کے بارے میں آگاہ کیا تا کہ پودوں کو ممکنہ بیماریوں اور کیڑوں مکڑوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ مس فرزانہ اشرف فام منیجر نے پھل دار پودوں کی اہمیت اور ان کے انسانی صحت اور آمدن پر فائدے پر آگاہ کیا اور اس کے ساتھ شرکاء کو پھل دار پودوں اور ان کی نرسری تیار کرنے کے عمل کے بارے میں بتایا۔

اس موقع پر شرکاء میں 200 پھل دار پودے بھی تقسیم کیے گئے ادارہ پودا پاکستان نے یہ تقریب کینیڈا فنڈ برائے مقامی منصوبہ جات (CFLI) کے تعاون سے منعقد کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button